جنگل میں لاوارث کار سے 52 کلو سونا اور 10 کروڑ روپے برآمد

21 Dec, 2024 | 09:08 AM

ویب ڈیسک: بھارت کے شہر بھوپال کے قریب جنگل میں لاوارث کھڑی گاڑی سے 52 کلو سونا اور 10 کروڑ روپے نقد برآمد ہوئے ہیں۔

  محکمہ انکم ٹیکس اور پولیس نے چھاپوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور نقدی ضبط کی، جن میں 52 کلو سونے کے بسکٹ (جن کی قیمت 40 کروڑ روپے سے زائد ہے) اور 10 کروڑ بھارتی روپے نقد شامل ہیں۔

 پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ شہر کے مضافات میں مینڈوری کے جنگل کے راستے سونا اور نقدی منتقل کی جارہی ہے جس کے بعد 30 موبائلوں پر سوار 100 پولیس اہلکاروں نے گاڑی کو گھیرے میں لے لیا اور  تلاشی کے دوران گاڑی میں کوئی شخص موجود نہیں تھا تاہم 2 تھیلوں سے سونے کے بسکٹ اور بھاری نقد رقم برآمد ہوئی۔

 پولیس حکام کے مطابق برآمد شدہ کار گوالیار کے رہائشی چیتن گوڑ کی ہے جو ریجنل ٹرانسپورٹ آفس (آر ٹی او) کے سابق کانسٹیبل سوربھ شرما کا قریبی ساتھی ہے۔

  حکام نے بتایا کہ اس وقت کئی بلڈروں کی تحقیقات جاری ہیں اور شبہ ہے کہ برآمد ہونے والا سونا اور نقدی ان میں سے کسی کی ہو سکتی ہے،  جبکہ ابھی تک سونے اور نقد رقم کا مالک سامنے نہیں آیا  اور پولیس ملکیت کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔

مزیدخبریں