سال 2023 ، پنجاب حکومت کی  موثر حکمت عملی، ڈرائیونگ لائسنس  بنوانے کی شرح میں اضافے کے ریکارڈ ٹوٹ گئے

21 Dec, 2023 | 10:15 AM

Imran Fayyaz

(عمران فیاض)2023 میں پنجاب کی نگراں حکومت کی کارکردگی پر اگر ایک نظر ڈالی جائے تو جہاں بہت سے ترقیاتی کام ریکارڈ کم مدت میں مکمل کئے گئے وہیں محسن سپیڈ کی کاوشوں سے گزشتہ کئی دہائیوں سے پنجاب بھر میں لاکھوں کروڑوں کی تعداد میں عوام بغیر لائسنس ڈرائیونگ کر رہے تھے جو نہ صرف خود کے لئے بلکہ دوسر وں کی جان کے لئے بھی خطرہ بنے ہوئے تھے۔
گزشتہ دنوں ڈیفنس میں پیش آنے والے خوفناک ٹریفک سانحے کے بعد پنجاب حکومت حرکت میں آئی اور کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے لگے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور اور پنجاب بھر کے تمام آر پی اوز کو کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کی روزانہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

گزشتہ روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں 02 لاکھ سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے، ڈرائیونگ لائسنس میں اضافے کی شرح گزشتہ برس کی نسبت 25 گنا زائد ہے۔

 لاہور ٹریفک پولیس نے کم عمر ڈرائیونگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا، متعدد کم عمر ڈرائیورز کے خلاف مقدمات درج کیے جبکہ سینکڑوں گاڑیاں بند کر دیں  پولیس کے تھانے کم عمر ڈرائیوروں سے بھر گئے۔کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن میں لاہور ٹریفک پولیس نے  کم عمر ڈرائیورز کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کر نے کا سلسلہ بھی شروع کیا۔

 کم عمر بچوں کو گاڑی اور موٹرسائیکل دینے والوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا۔

 اس اقدام سے ڈرائیونگ لائسنس کی شرح میں گزشتہ برس کی نسبت اڑھائی ہزار فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ کو لائسنس اجراء کے عمل کی خود نگرانی کی ہدایت کی کہ قواعد و ضوابط کے مطابق زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جائیں،ٹریفک پولیس دفاتر ، خدمت مراکز سمیت تمام سنٹرز پر لائسنس کیلئے آنے والے شہریوں کو بہترین سروس ڈلیوری فراہم کی جائے۔

مزیدخبریں