(ویب ڈیسک)سیلاب متاثرین کی بحالی کا مشن،وزیراعظم شہباز شریف کا وزیراعظم اکاؤنٹ سے 5 ارب روپے کی مالیت سے سیلاب متاثرین کیلئے گھر تعمیر کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق خیرپور میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وزیر اعظم اکاؤنٹ میں 4 ارب 80 کروڑ روپے آئے ہیں اور مزید بھی آئیں گے، اس لئے سیلاب متاثرین کیلئے 5 ارب روپے سے گھر تعمیر کئے جائیں گے،سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام ہو چکا ہے مگر آج بھی خیرپور اور دادو کے علاقوں میں پانی کھڑا ہے، ہمیں بحالی اور تعمیر نو کی طرف بڑھنا ہے مگر آج بھی 80 لاکھ خاندان سیلابی پانی سے متاثر ہیں، اسی طرح 2 کروڑ لوگ امداد اور 90 لاکھ بچے ادویات کے منتظر ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دوست ممالک نے سیلاب زدہ علاقوں میں صاف پانی کے فلٹرز نصب کئے اور دیگر ممالک نے جہازوں اور ٹرینوں کے ذریعے امدادی سامان بھیجا جس پر ان کے مشکور ہیں لیکن ہمارے مسائل بے شمار ہیں،انہوں نے سیلاب متاثرین کو یقین دہانی کرائی کی مخلوط حکومت اس طرح انہیں تکالیف میں نہیں چھوڑے گی کیونکہ یہ تمہارا اور میرا نہیں بلکہ ‘‘ہمارا‘‘ معاملہ ہے، اگلے ماہ جنیوا میں ڈونرز کانفرنس ہو رہی ہے جس کیلئے صوبوں سے مشاورت کی ہے اور پوری تیاری کے ساتھ وہاں جائیں گے جہاں میں سیلاب متاثرین کا کیس پیش کروں گا اور دنیا کو بتاؤں گا کہ پاکستان اس مصیبت میں آیا ہے لیکن اس کا قصور کچھ نہیں تھا کیونکہ ہم کاربن کے اخراج میں اتنا حصہ نہیں ڈالتے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست ممالک سے اربوں روپے کے تحائف ملے جس میں سعودی عرب کی طرف سے دیا گیا گھڑی کا تحفہ بھی شامل تھا جس میں خانہ کعبہ کا ماڈل بنا ہوا تھا مگر ایک شخص نے اس کی بھی پروا نہ کی اور تحائف بیچ دیئے، کاش اگر وہ تحائف بیچ کر سیلاب متاثرین کو پیسے دیئے ہوتے تو میں شاباش دیتا کہ آپ نے تحائف بیچ کر غریب اور یتیم عوام کے حوالے کئے ہیں، سیاسی گفتگو کئے بغیر کہنا چاہتا ہوں کہ ہمارے خون کا آخری قطرہ عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے گرے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جہاں بھی گھر تعمیر ہوں گے وہاں زمین وزیر اعلیٰ سندھ فراہم کریں گے اور گھر ہم تعمیر کریں گے اور اسی طرح بلوچستان اور دیگر صوبوں میں بھی گھر بنائیں گے۔