ویب ڈیسک : خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں غلطیاں کیں اورقیمت چکائی۔
وزیر اعظم نے اپنےٹویٹر پیغام میں کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں غلطیاں کیں اور اس کی قیمت ادا کی، جس کی بڑی وجہ امیدواروں کا غلط انتخاب تھا۔ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ وہ خیبرپختونخوا مں دوسرے مرحلے اور ملک بھر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے پی ٹی آئی کی حکمت عملی کی نگرانی خود کریں گے۔ساتھ ہی انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی مضبوط بن کر سامنے آئے گی۔
واضح رہے خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع کی 63 تحصیلوں میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخاب کے لیے پولنگ اتوار کے روز ہوئی تھی جبکہ دوسرے مرحلے کے انتخابات آئندہ برس 16 جنوری کو ہوں گے۔ ان 63 میں سے 39 تحصیلوں کے نتائج کا اعلان الیکشن کمیشن نے کردیا ہے جس کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) 39 تحصیلوں کے لیے میئر/چیئرمین کی سب سے زیادہ 15 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
جے یو آئی (ف) نےپاکستان تحریک انصاف کو حیران کر دیا کیوں کہ پشاور سٹی کے میئر کے مقابلے میں بھی اسے یقینی برتری حاصل ہے، جس کے لیے جے یو آئی کے حافظ زبیر علی نے 62 ہزار 388 جبکہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش نے اب تک 50 ہزار 659 ووٹس حاصل کیے ہیں۔