(اکمل سومرو ) ہائر ایجوکیشن کمیشن نے طلباء کیلئے کامن ویلتھ سکالر شپ کا اعلان کر دیا، کامن ویلتھ سکالر شپ کے تحت پاکستانی طلباء کو پی ایچ ڈی کیلئے بیرون ممالک بھیجا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایچ ای سی کی جانب سے کامن ویلتھ سکالر شپ کی اہلیت سے متعلق تفصیلی پالیسی جاری کر دی گئی ہے، ایچ ای سی کے مطابق کامن ویلتھ پی ایچ ڈی سکالر شپ کیلئے طلباء 18 جنوری 2021ء تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں، سکالر شپ کے حصول کیلئے عالمی یونیورسٹیوں کے ناموں کی فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے، طلباء کو ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر درخواستیں جمع کرانا ہوں گی۔
ایچ ای سی نے طلباء کو ہدایت کی ہے کہ کامن ویلتھ سکالر شپ پورٹل پر بھی درخواستیں جمع کرائی جائیں، واضح رہے کہ بیرون ممالک سے پی ایچ ڈی کیلئے امیدواروں کے پاس انٹرنیشنل جی آر ای کا امتحان پاس کرنے اور 18 سالہ تعلیمی ڈگری ہونے کی شرط عائد ہے۔