قادیانیوں کے خلیفہ کا نام گوگل سرچ سے ہٹانے کا معاملہ، عدالت کا بڑا حکم

21 Dec, 2020 | 03:31 PM

Arslan Sheikh

( ملک اشرف ) قادیانیوں کے خلیفہ کا نام گوگل سرچ سے ہٹانے کی درخواست پر ہائیکورٹ میں سماعت، چیف جسٹس ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے چئیرمین پی ٹی اے سمیت تمام متعلقہ حکام کو 28 دسمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔     

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے محمد سعید سندھو سمیت دیگرکی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے محمد اظہر حبیب ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ گوگل سرچ پر قادیانیوں کے پانچویں خلیفہ کو مسلمانوں کا خلیفہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ درخواستگزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت گوگل اور وکی پیڈیا پر قادیانیوں کے پانچویں خلیفہ بارے مواد ہٹانے کا حکم دے۔

چیف جسٹس محمد قاسم خان نے ریمارکس دئیے کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانا بہت آسان ہے، حکومتیں ایسے کیسز تو خود دائر کرتی ہے، گوگل پر پچھلے 20 سے 22 دن سے چل رہاہے، مگر حکومت سورہی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ میں نہیں چاہتا کہ فیس بک، ٹویٹر اور گوگل کے استعمال پر پابندی لگائی جائے، سوشل میڈیا خود غلط نہیں بلکہ اس کا استعمال غلط ہوتا ہے۔

حکومت اگر پب جی گیم پر پابندی لگاسکتی ہے تو ایسے اقدام پر فوری فیصلہ کیوں نہیں کرتی۔ چیف جسٹس نے سرکاری وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاآپ یہاں پر تو قانونی پروٹیکشن لے لیں گے قبر میں خود جواب دے دیجئیے گا۔ مجھے لگتا ہے ٹاپ مین کو بلانا پڑے گا۔ عدالت نے مزید سماعت 28 دسمبر تک ملتوی کردی۔ 

مزیدخبریں