(اکمل سومرو) لاہور سمیت صوبے بھر کے سرکاری کالجوں کی حیثیت تبدیل کرنے کا فیصلہ، بی ایس آنرز کی ڈگری نہ کرانے والے تمام کالجز کو کمیونٹی کالج میں تبدیل کردیا جائے گا۔
تعلیمی بورڈ لاہور میں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کی زیر صدارت تعلیمی اصلاحاتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کی سطح پرکم از کم دو گریجویٹ کالجز قائم کیے جائیں گے، چار سالہ بیچلرز ڈگری کرانے والے گریجویٹ کالجز کے علاوہ تمام کالجزکو کمیونیٹی کالجزکا سٹیٹس حاصل ہوگا۔
کمیونٹی کالجز میں انٹرمیڈیٹ کے علاوہ 2 سالہ ایسوسی ایٹ پروگرام بھی آفر کیا جائے گا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیونٹی کالجز کو بتدریج گریجویٹ کالجز میں اپ گریڈ کیا جائے گا، آئندہ تعلیمی سال طلبا ایسوسی ایٹ پروگرام میں داخلہ لے سکیں گے، ایسوسی ایٹ پروگرام میں 150 کورسز میں داخلہ لیا جاسکے گا۔
صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ ہر ضلع میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے 10 سالہ منصوبہ بندی کی گئی ہے، یکساں تعلیمی کیلنڈر، کالجز اور یونیورسٹی میں یکساں نصاب پر بھی کام جاری ہے.
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، چیئرمین لاہور بورڈ، ڈپٹی سیکرٹری بورڈز، ڈائریکٹر کالجز پنجاب سمیت پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے نمائندوں نے شرکت کی.