(یاور ذوالفقار) احتساب عدالت میں آشیانہ سکینڈل کیس کی سماعت، گرفتار سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، احد چیمہ اور فواد حسن فواد سمیت دیگر کے جوڈیشل ریمانڈ میں تین جنوری تک توسیع کر دی گئی، نیب کو ریفرنس پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں شہباز شریف اور فواد حسن فواد کے خلاف سماعت ہوئی، میاں شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے باعث پیش نہ ہوئے، عدالت کے استفسار پر نیب نے ریفرنس داخل کرانے کے لیے وقت مانگ لیا اور یقین دہانی کرائی کہ آئندہ دو سے تین روز میں ریفرنس دائر کر دیا جائے گا، جس پر عدالت نے شہباز شریف سمیت دیگر ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 3 جنوری تک توسیع کردی۔
دوسری جانب احتساب عدالت نے فواد حسن فواد کے خلاف غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام میں ریفرنس دائر نہ کرنے پر نیب سے وضاحت مانگ لی، عدالت نے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر رپورٹ بھی طلب کر لی جب کہ عدالت نے ایل ڈی اے کے سابق سربراہ احد چیمہ کے خلاف ریفرنس کی نقول فراہم کر دیں، احد چیمہ کے خلاف مزید کارروائی 4 جنوری کو ہوگی۔