(منیر باجوہ ): لاہور ہائیکورٹ نے سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے فیصلے پر عمل درآمد رکوانے کیلئے وفاقی حکومت کی درخواست ناقابل سماعت ہونے پر مسترد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے وفاقی حکومت کی درخواست پر ابتدائی سماعت کی، جس میں استدعا کی گئی کہ سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے احکامات پر عمل درآمد روک دیا جائے، سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے یہ جواز پیش کیا کہ ابصار عالم کو ہٹانے کی وجہ سے پیمرا فعال نہیں رہا اور اس بنا پر مسائل پیدا ہونگے۔
وفاقی حکومت کے وکیل نے استدعا کی کہ تیس دنوں کیلئے ابصار عالم کو ہٹانے کے احکامات پر عمل درآمد روک دیا جائے۔ عدالت میں موجود اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے وفاقی حکومت کی درخواست کی مخالفت کی اور اسے بدنیتی پر مبنی قرار دیا۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے مطابق وفاقی حکومت اپنے من پسند افراد کو بچانے کیلئے ڈھال بن گئی تاکہ ان افراد کا تحفظ کیا جائے جو حکومت کے مفادات کا دفاع کرتے ہیں۔ ہائیکورٹ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا اور واضح کیا کہ اگر حکومت کو اس فیصلے سے کوئی مسئلہ ہے تو اپیل دائر کرے۔ یہ عدالت کس طرح عمل درآمد روکنے کے احکامات جاری کرے۔ جس کے بعد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کی درخواست مسترد کر دی۔