عثمان خادم: پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر اصغر گجر کو عہدہ سے ہٹانے سے جنم لینے والا تنازعہ مزید بڑھ گیا۔ اصغر گجر کی جگہ بنائے گئے صدر کو لاہور تنظیم کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈروں نے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ نئے صدر کا بلایا ہوا پہلا اجلاس شدید ناکامی سے دوچار ہو گیا۔
پی ٹی آئی پنجاب کے سربراہ حماد اظہر کے ساتھی اصغر گجر کو حماد اظہر کے مخالف گروپ نے عہدہ سے ہٹوا دیا تھا جس کے ردعمل میں حماد اظہر نے پنجاب کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا۔ حماد اظہر کے استعفے کےبعد لاہور تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے بھی استعفیٰ دیا۔ بدھ کے روز پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز نے اپنا پہلا اجلاس آن لائن رابطہ کی ایپلی کیشن زوم کے زریعہ کرنے کی کوشش کی۔ اس زوم اجلاس مین ابتدا ہی شیخ امتیاز اور ان کے گروپ کے دیگر رہنماؤں پر شدید تنقید اور احتجاج سے ہوئی۔
اجلاس مین شریک پی ٹی آئی کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈر شیخ امتیاز پر سخت تنقید کرتے رہے اور انہین صدر ماننے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق شیخ امتیاز نے تنقید کرنے والے کئی شرکاء کو اجلاس سے نکال دیا۔
لاہور کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے شیخ امتیاز کے خلاف سینئر قیادت سے احتجاج کیا ۔ لاہور تنظیم کے سرگرم ارکان، اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے نئے بنائے گئے صدر کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔