ثمرہ فاطمہ: اسلم سٹریٹ اچھرہ کا سیوریج نظام ناکارہ ہو گیا، گٹر ابلنے سے گلیاں سیوریج کے پانی کی نذر ہو گئیں۔ تعفن اور بدبو میں سانس لینا دشوار ہوگیا۔
برسات کے دوران نشیبی علاقہ ہونے اور پانی کے نکاس کی ناقص پلاننگ کے سبب اچھرہ کے سبھی مکین بارشی پانی کے عذاب مین مبتلا رہتے ہیں لیکن اسلم سٹریٹ کے گھروں میں پانی گھس جاتا ہے جس کے سبب یہاں کے کینوں کے مصائب شدید تر ہوتے ہیں۔
اسلم سٹریٹ اچھرہ میں سیوریج کے ناقص نظام کے ستائے ہوئےمکینوں نے سٹی 42 کو اپنے درمیان موجود پا کر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ مکینوں کا کہنا تھا انتظامیہ کے لوگ آتے ہیں اور مسئلہ کو بغیر حل کیے واپس چلے جاتے ہیں۔ ہمارا مسجد تک جانا محال ہو گیا ہے۔ تعفن زدہ اور آلودہ پانی سے مچھروں کی بہتات ہو رہی ہے۔ گزرنا دشوار ہے، بچے کیچڑ میں گر رہے ہیں۔ کاروبار درہم برہم ہے لیکن انتظامیہ کو کوئی سروکار نہیں۔
علاقہ کے مکینوں نے بتایا کہ بارش ہو تو پانی گھروں میں آ جاتا ہے جس کے سبب فرنیچر اور دوسرا سامان خراب ہو جاتا ہے۔ ناقص ٹاؤن پلاننگ کے سبب اس علاقہ مین بارش کا پانی زیادہ جمع ہوتا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے گزارش ہے نوٹس لے کر ہمارے مسئلہ حل کرائیں۔