سٹی42: قومی احتساب بیورو (نیب) نے منگل کو پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف تیسرا توشہ خانہ ریفرنس احتساب عدالت (AC) میں دائر کر دیا۔
تفتیشی افسر محسن ہارون اور کیس آفیسر وقار الحسن نے جو ریفرنس دائر کیا اس کا مواد دو جلدوں پر مشتمل ہے۔ اس ریفرنس کےہ وصول ہوتے ہی نیب کورٹ کے رجسٹرار نے اس کی سکروٹنی شروع کردی۔ سکروٹنی کے بعد کیس کو احتساب کورٹ کے انتظامی جج کے پاس بھیجا جائے گا۔
اس سے قبل نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو نے پی ٹی آئی کے بانی اور بشریٰ بی بی سے 13 جولائی کو تحویل میں لینے کے بعد 37 دن تک اڈیالہ جیل میں ان کے خلاف الزامات کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی تھی۔
پی ٹی آئی کے بانی سابق وزیر اعظم کے خلاف نیب کا یہ تیسرا توشہ خانہ ریفرنس ہے۔
تیسرا توشہ خانہ کیس کیا ہے؟
یہ کیس ایک بلغارین جیولری سیٹ کے گرد گھومتا ہے جو بشریٰ بی بی کو سعودی عرب کے ولی عہد کراؤن پرنس محمد بن سلمان نے 7 مئی سے 10 مئی 2021 کے دوران سعودی عرب کے دورے کے موقع پر تحفے میں دیا تھا۔
زیورات کے سیٹ میں ایک انگوٹھی، ایک کڑا، ایک ہار اور بالیوں کا ایک پئیر شامل ہے۔
نیب کے دائر کردہ ریفرنس کے مندرجات کے مطابق تحقیقات کے دوران اکٹھے کیے گئے شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ پی ٹی آئی کی بانی اور بشریٰ بی بی نے غیر قانونی طور پر یہ زیورات اپنے پاس رکھے تھے۔
18 مئی 2021 کو ڈپٹی ملٹری سیکرٹری نے توشہ خانہ کے سیکشن آفیسر کو سیٹ کی تخمینی قیمت کے بارے میں مطلع کیا، لیکن یہ زیورات قانون کے مطابق توشہ خانہ میں جمع نہیں کرائے گئے۔
ریفرنس میں مزید بتایا گیا ہے کہ بلغاریہ میں بنایا گیا ہار اور وہیں بنائی گئی ہار بالیاں قیمتی جیولری مین شمار ہوتے ہیں۔ 25 مئی 2018 کو سعودی فرنچائز سیلوجنٹ ٹریڈنگ کو یہ ہار 300,000 یورو اور بالیاں 80,000 یورو میں فروخت کئے گئے تھے۔ اس سیٹ میں شامل بریسلٹ اور انگوٹھی کی قیمتوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں مل سکیں۔
28 مئی 2021 تک، جیولری سیٹ کی کل تخمینی قیمت تقریباً 75,661,600 روپے تھی۔ اکیلے ہار کی قیمت 56,496,000 تھی، جبکہ بالیوں کی قیمت 15,065,600 روپے تھی۔
توشہ خانہ کے قوانین کے مطابق، تخمینہ شدہ قیمت کا 50 فیصد رقم ادا کر کے یہ زیورات لئے جا سکتے تھے۔ ، زیورات کے اس سیٹ کے لیے توشہ خانہ کی کل قابل ادائیگی رقم PKR 35,765,800 ہونی چاہیے تھی۔ تاہم، زیورات کے سیٹ کی قدر کم کرنے سے، قومی خزانے کو روپے 32,851,300 کا نقصان پہنچا۔
ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی بانی اور بشریٰ بی بی نے نیب آرڈیننس 1999 کے کئی سیکشنز (9، 3، 4، 6 اور 12) کی خلاف ورزی کی۔
یکم اگست 2022 کو نیب کے بورڈ کی میٹنگ اور چیئرمین نیب کی ہدایت کے بعد ان کے خلاف انکوائری شروع کی گئی۔
ریفرنس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی نے بطور وزیر اعظم اپنے دور اقتدار میں اختیارات کا غلط استعمال کیا اور اپنے دور حکومت میں موصول ہونے والے 108 تحائف میں سے 58 کو اپنے پاس رکھا۔
نئے توشہ خانہ ریفرنس کے گواہوں کی فہرست
توشہ خانہ ٹو ریفرنس میں گواہوں کی فہرست میں 22 نام شامل ہیں۔
سیکشن آفیسر توشہ خانہ کیبنٹ ڈویژن بن یامین کا نام فہرست میں سرفہرست ہے۔
پروٹوکول آفیسر وزیراعظم ہاؤس طلعت محمود، ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ہیڈ کوارٹرز قیصر محمود گواہوں میں شامل ہیں۔توشہ خانہ کیس کے گواہوں میں سابق وزیراعظم کے پرسنل سیکرٹری انعام اللہ شاہ بھی شامل ہیں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر موفا محمد فہیم اور وزیراعظم کے سابق ملٹری سیکرٹری بریگیڈیئر محمد احمد بھی گواہوں میں شامل ہیں۔ ڈائریکٹر نیب شفقت محمود اور کیس کے تفتیشی افسر محمد محسن ہارون بھی گواہوں کی فہرست میں شامل ہیں۔