ڈسٹرکٹ جیل اٹک؛ ترجمان محکمہ جیل نے ایڈیشنل سیشن جج کی جاری کردہ رپورٹ کی وضاحت کردی

21 Aug, 2023 | 09:33 PM

علی ساہی :  نئے تعمیر کئے گئے واش روم میں  ویسٹرن کموڈ ،واش بیسن،باتھ سوپ، پرفیوم ، ائیر فریشنر ، تولیہ اور ٹیشو پیپر موجود ہیں، واش روم کی دیواریں 5 فٹ اونچی ہیں، نیا دروازہ لگوایا گیا ہے، جیل میں سیل کے سامنے سکیورٹی کیمرہ جیل مینویل کے مطابق قیدی کی سکیورٹی کے لئے لگایا گیا ہے، اس سے قیدی کی پرائیویسی کا کوئی مسئلہ  پیدا نہیں ہوتا۔ ترجمان جیل خانہ جات نے یہ باتیں ایڈیشنل  سیشن جج  اٹک کی جاری کردہ ڈسٹرکٹ جیل اٹک کے دورے کی رپورٹ کے متعلق  وضاحت کرتے ہوئے بتائیں۔

ترجمان محکمہ جیل کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں قید  چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو پاکستان پریزنز رولز 1978 کے رول 257 اور 771 کے مطابق تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ عمران خان کے لئے انکے کمرے میں بروز ہفتہ نیا واش روم تعمیر کیا گیا ہے ، جس میں ویسٹرن کموڈ اور واش بیسن لگائے گئے ہیں۔ واش روم میں باتھ سوپ ، پرفیوم ، ائیر فریشنر ، تولیہ اور ٹیشو پیپر بھی موجود ہیں۔ واش روم کی دیواریں 5 فٹ اونچی رکھی گئی ہیں اور باتھ روم کو نیا دروازہ لگایا گیا ہے۔ 

ترجمان کا کہنا ہے کہ چئیرمین پاکستان تحریک انصاف کے کمرے میں بیڈ ، تکیہ ، بیڈ میٹرس ، میز ، کرسی ، ائیر کولر ایگزیکٹ فین ، فروٹ ، شہد ، کھجوریں ، جائے نماز  انگریزی ترجمے کے ساتھ قران مجید ااور مطالعہ کیلئے ایک درجن کے قریب کتابیں ، چائے تھرمس ، اخبار اور ٹیشو پیپر موجود ہیں۔

ترجمان کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی منگل کے روز فیملی اور جمعرات کے روز وکلاء سے قانون کے مطابق ملاقات کرائی جاتی ہے۔عمران خان کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے پانچ ڈاکٹر تعینات کئے گئے ہیں۔ آٹھ گھنٹے ڈیوٹی پر ایک ڈاکٹر ہمہ وقت موجود رہتا ہے۔

ڈاکٹر کی ہدایت اور آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کی منظوری سے چئیرمین پاکستان تحریک انصاف کو سپیشل خوراک دی جاتی ہے ، جسے ڈاکٹر کی چیکنگ کے بعد سپیشل ٹیم کے ذریعے مہیا کیا جاتا ہے۔

عمران خان اور جیل سیکیورٹی کے لئے انکے کمرے کے باہر برآمدے میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ صرف ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں نہیں بلکہ پنجاب کی باقی جیلوں میں بھی سیکیورٹی کے لیے 4000 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔

مزیدخبریں