ویب ڈیسک: پنجاب پولیس نے شہریوں کی فوری داد رسی اور سروسز کے حصول کےلیےواٹس ایپ نمبر متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار اگلے ہفتے واٹس ایپ سروس کا آغاز کریں گے۔
پولیس حکام کے مطابق شہریوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیس کے ساتھ فوری رابطہ بحال کرنے اور انکی شکایات کے ازالے کےلیے 03317871787 واٹس ایپ نمبر متعارف کرایا جارہاہے۔
واٹس ایپ نمبر کے ذریعے کوئی بھی شہری ون کلک پر پولیس سے متعلق تمام سروسز حاصل کرسکے گا۔ پنجاب پولیس کی جانب سے اس سے قبل آئی جی کمپلیںٹ سیل میں شکایت کےلیے 1787 ہیلپ لائن کا آغاز کیا گیا تھا جہاں صوبے بھر سے شہریوں کی جانب سے تشدد، کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال اور غیر قانونی حراست سمیت دیگر تین لاکھ انیس ہزار شکایات موصول ہوئی ہیں۔
اس ہیلپ لائن پر شہری صرف آفس اوقات صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔واٹس ایپ نمبر کی سروس کے شہریوں کے لیے چوبیس گھنٹے ہوگی جہاں کوئی بھی شہری پولیس سے متعلق اپنی شکایت یا کسی بھی قسم کی رہنمائی کےلیے کال یا میسج کرسکے گا۔
پولیس حکام کے مطابق واٹس ایپ نمبر محفوظ کر کے شہری 15 کی سہولت بھی حاصل کرسکیں گے۔ واٹس ایپ نمبر پر ہیلو اسلام وعلیکم لکھنے کے بعد آٹو میٹک پولیس سروسز کا مینیو سامنے آئے گا۔ جہاں پر شہریوں کو واٹس ایپ پر پولیس سروسز استعمال کرنے میں آسانی ہوگی۔
شہریوں کو سرچ انجن گوگل کی بجائے واٹس ایپ پر سنگل میسج کرنے سے تمام تفصیلات مل جائیں گی۔آئی جی پنجاب فیصل شاہکار اگلے ہفتے سے شہریوں کے لیئے واٹس ایپ سروس کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔