ویب ڈیسک: ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور رکشہ میں سوار لڑکی کیساتھ دست درازی کے بعد اور افسوسناک واقعہ سامنے آگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو کافی گردش کر رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ اوباش افراد ایک لڑکی پر تشدد اور دست درازی کر رہے ہیں۔ جشن آزادی کی مناسبت سے لڑکی نے سفید سوٹ کے ساتھ گلے میں سبز رنگ کا دپٹہ پہنا ہوا ہے جبکہ اس دوران وہاں موجود معمر خاتون اور دوسری لڑکی اس لڑکی کو درندوں سے بچانے کی کوشش کرتی نظر آرہی ہیں۔ متاثرہ لڑکی ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان افراد کے چنگل سے نکلنے میں کامیاب ہوجاتی ہے۔
دوسری جانب ویڈیو کہاں کی ہےکب کی ہے؟ آئی جی پنجاب انعام غنی نے جائزہ لینے کی ہدایت کردی ہے۔ آئی جی نے سی سی پی او لاہور غلام محمود کو ویڈیو کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ آئی جی کا کہنا ہے کسی کےپاس بھی مارپیٹ کی فوٹیج کی معلومات ہیں تو اطلاع کریں۔
ادھر رکشہ میں سوار لڑکی کے ساتھ بدتمیزی کے واقعہ پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب انعام غنی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے واقعات میں ملوث ملزموں کی جلد از جلد گرفتاری کا بھی حکم دے دیا۔