(مانیٹرنگ ڈیسک) موسلادھاربارش کے باعث شہر ندی نالو ں میں تبدیل ہوگئے جبکہ چھتیں گرنے اور حادثات میں 12افراد ہلاک ہوگئے۔
پھالیہ میں چھت گرنے سے ماں، 4بچے ،شیخوپورہ اور چنیوٹ میںچھتیں گرنے سے دو بچے،حافظ آباد میں چھت گرنے سے 16سالہ لڑکا جان کی بازی ہار گیا، فیصل آباد میں کھمبے سے کرنٹ لگنے سے 15سالہ لڑکاہلاک ہوگیا جبکہ کلرکلہار میں مٹی کا تودہ گرنے سے تین افراد جاں بحق،5زخمی ہوگئے،تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
فیصل آباد میں 100ملی میٹر بارش ریکار ڈ کی گئی جس کے باعث سڑکیں ،گلیاں اور بازار پانی میں ڈوب گئے،بیشتر علاقوں میں بجلی بھی بندرہی، فیسکو کے مطابق بارش کی وجہ سے سو سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جن کی بحالی میں بارش کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا۔
جھنگ میں بارش سے پورا شہر ڈوب گیا جبکہ 17فیڈر ٹرپ ہونے سے بیشتر علاقوں کی بجلی منقطع رہی جو وقفے وقفے سے بحال کی گئی۔ چنیوٹ کو بھی بارش نے ڈبو دیا، گلیاں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، بجلی بھی غائب رہی، کئی علاقوں میں اب بھی پانی کھڑ ا ہے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش کا پانی جمع ہوگیا تاہم میونسپل کارپوریشن نے بروقت نکاسی آب کا بندوبست کیا۔
ادھراسلام آباد میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث حبس کا زور کم پڑ گیا جبکہ موسم خوشگوار ہونے پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیاجبکہ کراچی میں کہیں دھوپ ،کہیں بادل ،گلستان جوہر ،پہلوان گوٹھ اور دیگر جگہوں پر بوندا باندی ہوئی، سندھ کے مشرق میں مون سون کا نیا سسٹم بننے لگا،آج اور کل کراچی ،تھرپارکر ،بدین ،ٹھٹھہ ،میر پور خاص میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔