(سٹی42) لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے عید الاضحیٰ کے تینوں دن موسم خوشگوار رہنے کی نوید سنادی۔
تفصیلات کے مطابق عید آتے ہی لاہور میں موسم اچانک تبدیل ہوگیا، صبح سویرے کالے گھنے بادل چھاگئے اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں جس کے تھوڑی دیر بعد ہی شہر کے کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، بارش سے شہر کا موسم سہانا ہوگیا، گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔ شہریوں نے بھی خوشگوار موسم کا فائدہ اُٹھایا اور ناشتہ کی دکانوں پر پہنچ گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 32 اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 46 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
بڑی عید پر شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی،موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ عید کے تینوں روزلاہور اور اس کے مضافات میں ابر آلود موسم بارش کا باعث بن سکتاہے۔ جس سے درجہ حرارت میں خا طرخواہ کمی واقع ہو سکتی ہے۔