ویب ڈیسک : سیف سٹی نے 12 سال قبل چوری ہونے والی موٹر سائیکل ریکور کروانے کی بجائے شہری کو چالان بھجوا دیا
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک دلچسپ صورت حال سامنے آئی جب سیف سٹی کیمروں نے آرٹیفیشل انٹیلجنس کے ذریعے ٹریفک کی خلاف ورزی پر شہری کے گھر چالان بھیجا۔جبکہ شہری امین کا کہنا ہے کہ جس موٹر سائیکل کی ٹریفک خلاف ورزی کا چالان انہیں گھر پر موصول ہوا ہے وہ 12 سال پہلے چوری ہو گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ ’میں گذشتہ روز نیند سے جاگا تو باہر سے گھنٹی بجی جس کے بعد مجھے ایک ٹریفک خلاف ورزی کا چالان دیا گیا۔ میں نے اسے غور سے دیکھا تو پتا چلا کہ جس موٹر سائیکل کا چالان آیا ہے وہ تو میرے استعمال میں اب نہیں ہے۔ بلکہ آج سے 12 سال پہلے وہ چوری ہو گئی تھی اور اس کی میں نے ایف آئی آر بھی تھانے میں درج کروائی تھی۔‘
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے پولیس سٹیشن کے بڑے چکر لگائے لیکن پولیس میری موٹر سائیکل کا سوراغ نہ لگا سکی۔ لیکن اب سیف سٹی کے کیمرے بتا رہے ہیں کہ وہ موٹر سائیکل اب بھی لاہور کی سڑکوں پر چل رہی ہے۔ میں نے اب اپنے تھانے کو چالان دکھایا ہے اور وہ کہہ رہے ہیں کہ ایک مرتبہ پھر سے وہ میری موٹرسائیکل کو ڈھونڈنے کی کوشش کریں گے۔‘