ویب ڈیسک : جاپان سے تعلق رکھنے والی ایک گلوکارہ کیرئیر کے ساتھ ساتھ تعلیم کو پورا کرنے کے لیے روزانہ 4 گھنٹے طیارے پر سفر کرکے یونیورسٹی آتی جاتی تھی۔
22 سالہ یوزوکی ناکاشیما جاپان کے مقبول میوزک گروپ Sakurazaka46 میں شامل ہیں۔مدھر آواز اور توانائی سے بھرپور شخصیت کی وجہ سے انہیں کافی پسند کیا جاتا ہے۔حال ہی میں انہوں نے ایک ویڈیو بلاگ شیئر کیا تھا جس میں یونیورسٹی کے معمولات کے بارے میں بتایا۔
یوزوکی ناکاشیما اپنے میوزک کیرئیر کے باعث ٹوکیو میں مقیم ہیں مگر ان کی یونیورسٹی وہاں سے ایک ہزار کلومیٹر دور فوکوکا میں واقع تھی۔اس ویڈیو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ اس یونیورسٹی میں جانے کا خواب وہ بچپن سے دیکھ رہی تھیں اور ٹوکیو سے بہت زیادہ دور ہونے کی وجہ سے وہ روزانہ طیارے کے ذریعے وہاں جاتی تھیں۔وہ صبح 5 بجے اٹھ کر یونیورسٹی جانے کے لیے تیار ہوتیں اور 6 بجے ہینیڈا ائیرپورٹ جاکر طیارے میں سوار ہوتیں۔وہ صبح ساڑھے 9 بجے فوکوکا کے Kitakyushu ائیرپورٹ پر پہنچتی اور وہاں سے ٹیکسی یا بس کے ذریعے یونیورسٹی جاتیں۔ایک طرف کے سفر میں 2 گھنٹے سے زائد وقت لگتا اور ٹکٹ کی مد میں 15 ہزار ین سے زیادہ خرچ ہوتے۔سفر کے دوران وہ یونیورسٹی کے ہوم ورک کو مکمل کرتی تھیں اور کلاس کے بعد وہ واپس ٹوکیو جانے کے لیے ائیرپورٹ پہنج جاتیں۔یوزوکی ناکاشیما نے اس مشکل معمول کو 4 سال تک برقرار رکھا اور اب ان کی تعلیم مکمل ہوچکی ہے۔
گلوکارہ کے مطابق انہوں نے اپنی طالبعلمی کی زندگی کو طویل عرصے تک نجی رکھا مگر گریجویشن مکمل کرنے کے بعد وہ محسوس کرتی ہیں کہ زندگی کے اس اہم پہلو کو دیگر افراد سے شیئر کیا جائے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اب اسٹیج پرفارمنس پر زیادہ توجہ مرکوز کرسکیں گی اور دیگر افراد کو یہ پیغام دیں گی کہ اگر آپ خواب دیکھتے ہیں تو چاہے جتنی بھی مشکلات کا سامنا ہو، بہادری سے آگے بڑھیں۔ان کا کہنا تھا کہ 'ہر وہ لمحہ جو آب اپنے خواب کا پیچھا کرتے ہوئے گزارتے ہیں وہ زندگی کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک ہوتا ہے'۔