ویب ڈیسک:عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ویٹی کن سٹی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں آج صبح انتقال کر گئے،پوپ فرانسس رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما تھے اور طویل بیماری کے بعد چند روز قبل ہی صحتیاب ہو کرہسپتال سے ڈسچارج ہوئے تھے۔
پوپ فرانسس نے اتوار کو ایسٹر کے موقع پر لوگوں سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔
خیال رہے کہ پوپ فرانسس نے 2013 میں پوپ بینڈکٹ کے استعفے کے بعد عہدہ سنبھالا تھا، پوپ فرانسس اس سے پہلے ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس کے آرچ بشپ تھے۔
پوپ فرانسس گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھے اور انہیں حال ہی میں ڈبل نمونیا بھی ہوا تھا جس کے باعث وہ کئی روز تک ہسپتال میں بھی زیر علاج رہے تھے اور بیماری کے باعث اس سال ایسٹر پر عوام سے خطاب بھی نہیں کر سکے تھے۔
ویٹی کن کے مطابق پوپ فرانسس کی تدفین روم کے سینٹ میری میجر قبرستان میں کی جائے گی، سینٹ میری قبرستان میں تدفین کی وصیت پوپ فرانسس نے خود کی تھی، ایک صدی بعد کسی پوپ کو ویٹی کن سٹی سے باہر دفنایا جائے گا۔
پوپ فرانسس کون تھے۔۔۔؟
پوپ فرانسس 17 دسمبر 1936ء کو بیونس آئرس میں پیدا ہوئے، فرانسس 1998ء میں آرک بشپ آف بیونس آئرس بنے، پوپ فرانسس 13 مارچ 2013ء کو پاپائے روم بنے، انہوں نے پوپ بینیڈکٹ کے استعفیٰ کے بعد ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔