سٹی42: ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا اور ووٹوں کی گنتی شروع کر دی گئی۔ الیکشن کمیشن کی پابندی کے سبب پولنگ سٹیشنوں کے انتخابی نتائج 6 بجے شام کے بعد نشر کئے جا سکتے ہیں۔
قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔
پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشنزکے احاطے میں موجود افراد ووٹ ڈال سکیں گے۔
بلوچستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں آج ضمنی الیکشن کے دوران موبائل فون سروس معطل رہی اور کل 22 اپریل کو بھی موبائل سروس معطل رہے گی۔
ضمنی انتخابات میں سول آرمڈ فورسز اور پاکستان آرمی کے دستے تعینات کرنے کی منظوری گئی تھی۔ آج دن بھی ضمنی انتخابات والے علاقوں میں آرمی کے دستے سکیورٹی ڈیوٹی کے لئے موجود رہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری پولنگ سٹیشنوں کے دروازوں پر اور اطراف موجود رہی۔
آج ضمنی انتخابات کے دوران بلوچستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس سکیورٹی ضروریات کے پیش نظر معطل رکھی گئی۔
پی ٹی اے کے مطابق وزارت داخلہ ،حکومت پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب اور بلوچستان کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل رہے گی۔