فاطمہ خان: آٹھ فروری کے عام انتخابات کے بعد آج لاہور میں سب سے بڑا انتخابی میلہ لگا ہو اہے۔ کئی حلقوں میں ضمنی انتخابات آج ہو رہے ہیں جن میں سے ایک اہم حلقہ پی پی 147 میں بھی ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔
پنجاب اسمبلی کے اس اندرون شہر لاہور پر مشتمل حلقہ میں 8 فروری کا الیکشن سابق وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے جیتا تھا۔ حمزہ شہباز نے قوی اسمبلی کی نشست بھی جیتی تھی اور انہوں نے بعد میں قومی سیاست کو ترجیح دیتے ہوئے پی پی 147 کی نشست خالی کر دی جہاں آج ضمنی الیکشن کی پولنگ ہو رہی ہے۔
پی پی 147 میں کل ووٹرز 3 لاکھ 74 ہزار آٹھ سو 47 ہے۔ ایک لاکھ 73 ہزارایک سو 72 خواتین جبکہ دو لاکھ ایک ہزار چھ سو 80 ووٹر اس حلقہ میں رجسٹرڈ ہیں۔
پی پی 147 میں 232 پولنگ اسٹیشن ہیں.
آج صبح سے ہی تمام پولنگ سٹیشنز پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے تاہم انتخابی عمل کے دوران کوئی نا خوشگوار واقعہ اب تک رپورٹ نہیں ہوا۔
آج صبح پولنگ شروع ہوئی تو شہریوں کی کثیر تعداد پولنگ سٹیشن کا رخ کرتی نظر آئی تاہم دوپہر کے بعد پولنگ سٹیشنوں پر رونق کم ہو گئی۔ انتخابی جماعتوں کے سرگرم کارکنوں اور حامیوں نے اپنے ووٹ صبح سے دوپہر تک کاسٹ کر لئے جبکہ سیاست میں کم دلچسپی رکھنے والے ووٹرز تھوڑی تعداد میں ووٹ کاسٹ کرنے آ رہے ہیں۔
پی پی 147 سے ن لیگ کے ملک ریاض امیدوار ہیں جبکہ ان کے مقابل گزشتہ انتخاب کے رنر اپ محمد خان مدنی سمیت 10 امیدوار میدان میں ہیں. ملک ریاض شاہدرہ کے علاقہ سے دو مرتبہ ایم این اے منتخب ہو چکے ہیں۔ اس مرتبہ مسلم لیگ نون نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے باعث انہیں شاہدرہ سے قومی اسمبلی کا ٹکٹ نہیں دیا تھا، اب انہیں حمزہ شہباز کی چھوڑی ہوئی نشست پر ضمنی الیکشن لڑوایا گیا ہے۔
پولنگ کا وقت ختم ہونے میں نصف گھنٹہ بای رہ گیا ہے اور بیشتر پولنگ سٹیشنوں پر اکا دکا ووٹر ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے آ رہے ہیں۔