بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کے ابتدائی حقائق ہمارے خدشات کی تصدیق ہیں: ترجمان پی ٹی آئی

21 Apr, 2024 | 12:28 AM

طیب سیف:   پی ٹی آئی کے ترجمان حسن رؤف نے دعویٰ کیا ہے کہ  بشریٰ بی بی کے طبّی معائنے میں ابتدائی طور پر سامنے آنے والے حقائق ہمارے خدشات کی تصدیق کر رہے  ہیں۔ 

ہفتہ کے روز اسلام آباد کے  شفا انٹرنیشنل ہاسپٹل میں عدالت کے حکم پر سرکاری ڈاکٹرز اور عمران خان کے  ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کی موجودگی میں محترمہ بشریٰ بی بی کا طبّی معائنہ اینڈوسکوپی کیا گیا۔

حسن رؤف نے اپنے بیان میں  کہا  کہ طبّی معائنے میں بشریٰ بی بی کے نظامِ انہضام خصوصاً خوراک کی نالی اور معدے میں تیزاب کی زائد مقدار سے پیدا ہونے والے زخم واضح نمایاں ہیں، زہریلا مواد کھانے سے  بشریٰ بی بی کے منہ خصوصاً ہونٹوں پر نمایاں ہونے والے اثرات بھی تاحال باقی ہیں، آج کے نتائج نے بشریٰ بی بی کے طبّی معائنے میں حکومت اور جیل انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی تاخیر کی اصل وجوہات بھی آشکار کر دی ہیں۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ بشریٰ بی بی کی صحت اور جان سنگین خطرات کی شکار ہیں۔ انہیں مزید قید میں رکھنا ان کی جان کو کسی بڑے خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔  لازم ہے کہ محترمہ بشریٰ بی بی کو زہریلا مواد دیے جانے کے معاملے کی مفصل تحقیقات کروائی جائیں اور ذمہ داروں کا کڑا محاسبہ کیا جائے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان نے مطالبہ کیا کہ عدالت بشریٰ بی بی کی فوری رہائی کے احکامات صادر کرے، محترمہ بشریٰ بی بی کی صحت و سلامتی کو پیشِ آنے والے کسی بھی حادثے کی صورت میں بانی چیئرمین عمران خان ذمہ داران کی نشاندہی کر چکے ہیں، ان سے حساب قوم لے گی۔

مزیدخبریں