ویب ڈیسک : "نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی "آئی جی پنجاب" کے ہمراہ پنجاب پولیس کے جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کچے کے علاقے پہنچ گئے.
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا صادق آباد کے کچے کے علاقے میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور کچے کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔محسن نقوی نے آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اورجوانوں سے ملاقات کی اور پولیس جوانوں کے حوصلے اورجذبے کو سراہا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پولیس کے جوانوں کو عید کی مبارکباد اورعیدی بھی دی ۔
محسن نقوی نے کہا کہ پولیس کو آپریشن کے دوران نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔پنجاب پولیس کے بہادرافسروں اورجوانوں پر فخر ہے۔کچے کے علاقے میں امن بحال کرنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کر کے مستقل انفراسٹرکچر قائم کیاجائے گا۔ان عناصر کو کچے کے علاقے میں دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اورانسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس جوانوں کے ساتھ مل کر ”پاکستان زندہ باد اور”پنجاب پولیس زندہ باد“ کے نعرے لگائے ۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،سیکرٹری تعمیرات ومواصلات،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام اورمتعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔