ویب ڈیسک: تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کے آفیشل ٹؤیٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹر کی طرف سے سہولت ختم ہوتے ہی “ بلیوٹِک “ ہٹا دیا گیا ۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان جن کے ٹوئٹر پر 19 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی بلیو ٹک غائب ہوگیا۔تاہم وہ اکیلے اس میں شامل نہیں ہیں جن کے آفیشل اکائونٹس سے بلیو ٹک ختم ہوا ، ان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کی بڑی اور اہم شخصیات بھی شامل ہیں ۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی، موجودہ کپتان بابر اعظم، فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی بلیو ٹک غائب،
معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سمیت کئی شخصیات اور اداروں کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بلیو ٹک غائب ہوگیا۔واضح رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے ہزاروں ٹویٹر اکاؤنٹس کے بلو ٹک ہٹادیئے،ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے 20 اپریل کو بلیو ٹک ختم کرنے کی حتمی تاریخی دی تھی،انہوں نے کہا تھا بلیو ٹک کی ماہانہ فیس نہ دینے والے صارفین کے اکاؤنٹس رواں ماہ 20 تاریخ کو ختم کردیئے جائیں گے۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر کا مالک بننے کے بعد اعلان کیا تھا اب ٹوئٹر کے رجسٹرڈ اکاؤنٹس کی فیس وصول کی جائے گی جو ماہانہ 8 ڈالر ہو گی جو پاکستانی 2 ہزار 300 روپے سے زائد بنتی ہے،ماہانہ فیس کی ادائیگی نہ کرنے پر ٹوئٹر کی جانب سے کئی بڑے اکاؤنٹس کے بلیو ٹک ختم کیے گئے جنہیں فیس کے ادائیگی کے بعد بحال کیا گیا۔