ویب ڈیسک: پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے معروف اداکار جاوید شیخ نے اداکارہ سائرہ یوسف کی تعریفوں کے پُل باندھتے ہوئے اُنہیں معاشرے کی خواتین کے لیے مثال قرار دے دیا ہے۔
سینئر اداکار جاوید شیخ نے اپنے بھانجے، اداکار شہروز سبزواری کی سابقہ اہلیہ سائرہ یوسف کی دریا دلی کی تعریف کی ہے۔
حال ہی میں نجی ٹی وی شو میں شرکت کرنے والے اداکار جاوید شیخ نے سائرہ یوسف کے شہروز سبزواری اور صدف کنول کی بیٹی کے ساتھ تعلقات سے متعلق بات کی۔
جاوید شیخ نے بچوں کی پرورش اور خاندانی زندگی پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ سائرہ یوسف شہروز اور صدف کی بچی کو بھی اپنی بیٹی سمجھ کر محبت دیتی ہیں اور وہ انہیں اپنی گود میں بٹھا کر کھلاتی پلاتی ہیں۔ جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ وہ سائرہ یوسف کی شہروز اور صدف کنول کی بیٹی سے محبت کو دیکھ کر دنگ رہ گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک بار وہ کسی جگہ شاپنگ کے لیے گئے تو وہاں انہیں سائرہ یوسف دونوں بچیوں کے ساتھ ملیں، وہ سائرہ یوسف کے پاس سوتیلی بیٹی کو دیکھ کر حیران رہ گئے تھے۔ اداکار نے کہا کہ اگر معاشرے کی زیادہ تر خواتین سائرہ یوسف کی طرح ہوجائیں تو سماج میں امن ہوجائے اور لڑائی جھگڑے ختم ہوجائیں۔ واضح رہے کہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی اکتوبر 2012ء میں شادی ہوئی تھی لیکن فروری 2020ء میں دونوں کی طلاق ہوگئی تھی، سائرہ اور شہروز کی ایک بیٹی نوریح ہے۔ بعد ازاں مئی 2020 میں شہروز نے ماڈل صدف کنول سے شادی کا اعلان کیا تھا، جوڑے کے ہاں اگست 2022 میں بیٹی ’زہرا‘ کی پیدائش ہوئی تھی۔ سائرہ یوسف کو طلاق ہوجانے کے باوجود پہلے شوہر اور سابق سسرالیوں سے عزت اور احترام سے پیش آنے اور سابق شوہر کی دوسری بیٹی سے بھی محبت کرنے پر ان کی تعریفیں کی جاتی ہیں۔