ویب ڈیسک : پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی آسٹریلیا کے لیے پہلی براہ راست پرواز سکیورٹی وجوہات کے باعث آسٹریلوی حکام نے روک دی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق آسٹریلوی وزارت داخلہ نے لاہور اور کراچی ایئر پورٹ پر سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے تک پاکستان سے فضائی آپریشن معطل کر دیا ہے۔ پی آئی اے کی پہلی براہ راست پرواز آسٹریلوی سول ایوی ایشن کی اجازت سے 22 اپریل کو لاہور سے سڈنی روانہ ہونی تھی تاہم آخری وقت پر آسٹریلوی وزارت داخلہ کی جانب سے لاہور اور کراچی ایئرپورٹ کی سکیورٹی صورتحال کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آسٹریلوی وزارت داخلہ کی جانب سے پی آئی اے کو پرواز موخر کرنے کی ہدایات موصول ہو گئی ہیں، جس کے بعد پی آئی اے کی براہ راست ابتدائی دو پروازیں موخر کر دی گئی ہیں۔
پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے آسٹریلوی حکام سے مکمل رابطے میں ہیں اور اس سلسلے میں دفتر خارجہ اور سفارتخانے کو بھی لوپ میں رکھا گیا ۔
پی آئی اے کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی حکام نے پی آئی اے کو پاکستان سے براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے اور براہ راست فضائی آپریشن 22 اپریل سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ابتدائی طور پر پی آئی اے کی ایک پرواز لاہور سے سڈنی کے لیے چلائی جائے گی جو بتدریج ہفتہ وار 2 تک بڑھائی جائیں گی۔