ویب ڈیسک: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہےجس کے اثرات آئندہ دنوں پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے جس کے بعد برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 108.8 ڈالرہوگئی ہے۔ جبکہ امریکی ڈبلیوٹی آئی کروڑ آئل کی فروخت 104 ڈالر فی بیرل میں کی جارہی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے اثرات پاکستان پر بھی پڑیں گے اور آئندہ ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں حکومت نے اوگرا کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 51 روپے تک کے اضافے کی سمری مسترد کرتے ہوئے قیمتوں کو برقرار رکھا تھا۔
یاد رہے کہ اوگرا نے پیٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی کی کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ شرح کی بنیاد پر ورکنگ سمری تیار کی تھی۔
ٹیکسز کی موجودہ شرح کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 51 روپے 32 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی تھی جبکہ پیٹرولیم لیوی ، جی ایس ٹی کی موجودہ شرح کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 21 روپے 30 پیسے فی لیٹر کی سفارش کی گئی تھی ۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 36 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 38 روپے 89 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔