پی ٹی آئی کا مینار پاکستان پر آج جلسہ، وزیراعظم نے بڑا حکم دیدیا

21 Apr, 2022 | 11:14 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کا مینار پاکستان پر آج پاور شو ، وزیراعظم شہباز شریف نے   سکیورٹی تھریٹ کی اطلاع پر عمران خان کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ 

تحریک انصاف مینار پاکستان گراؤنڈ میں آج سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی،پنڈال میں تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے، جلسہ گاہ میں 120 فٹ لمبا اور 40 فٹ اونچا سٹیج تیار کر لیا گیا، پنڈال میں شرکاء کیلئے پچاس ہزار کرسیاں لگ گئی ، جلسہ میں عمران خان کی تقریر دکھانے کیلئے پندرہ بڑی سکرینز بھی لگا دی گئی۔ 

وزیر اعظم شہباز شریف نےپی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو سکیورٹی تھریٹ کی اطلاع پر وزارت داخلہ کو سکیورٹی کے فوری اور موثر اقدامات کرنےکا حکم دیدیا، وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ذاتی طور پرعمران خان کی سکیورٹی امورکی  نگرانی کرنے اور احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی جس کے بعد وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹریز کو لکھے گئے  ہنگامی خط میں سابق وزیراعظم عمران خان کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کرنے کا حکم دیا۔

وزارت داخلہ نے آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی ہدایات جاری کر دیں، ہنگامی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان ملک بھر میں جہاں بھی جائیں ان کی سکیورٹی کویقینی بنایا جائے، عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ پر بم ناکارہ بنانے سمیت دیگرضروری سکیورٹی اقدامات کیے جائیں۔

واضح رہےکہ کل ڈی سی لاہور نے پی ٹی آئی کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہےکہ پی ٹی آئی کے 21 اپریل کے مینار پاکستان جلسے میں سکیورٹی کے خدشات موجود ہیں،   عمران خان جلسے سے خطاب کے لیے جلسہ گاہ مت آئیں، وہ ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرلیں۔

مزیدخبریں