(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے پہلی بار ٹوئٹر اسپیس پر خطاب نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ شب سابق وزیر اعظم عمران خان نے پہلی مرتبہ ٹوئٹر اسپیس کے ذریعے عوام اور کارکنوں سے خطاب کیا،جو سب سے زیادہ سننے والا خطاب بن گیا.
ساتھ ایشیا انڈیکس نامی ادارے کی ٹوئٹ کے مطابق عمران خان کا خطاب ٹوئٹر اسپیس پر مجموعی طور پر 5 لاکھ سے زائد افراد نے سنا جبکہ ایک وقت میں براہ راست خطاب سننے والوں کی تعداد 1 لاکھ 60 ہزار سے تجاوز کر گئی تھی۔
عمران خان نے کارکنوں اور عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کبھی بھی فوج کے خلاف بات نہ کریں،اس ملک کو عمران خان سے زیادہ فوج کی ضرورت ہے، یہ فوج نہ ہوتی تو اس ملک کے تین ٹکڑے ہوچکے ہوتے، اگر فوج نہ ہو تو ملک نے نہیں رہنا، فوج کی کی مضبوطی کے لیے بات کرنی چاہیے۔
عمران خان نے الزام عائد کیا کہ آصف زرداری اور نواز شریف نے اپنی حکومت میں فوج کو کمزور کرنے کی کوشش کی۔ آصف زداری میمو گیٹ میں کہہ رہے تھے کہ ہمیں فوج سے بچائیں۔
عمران خان نے کہا کہ یہ 22 کروڑ افراد کی توہین ہے کہ باہر سے لاکر حکومت ان کے سر پر بٹھا دی جائے اگر ہم کہیں گے کہ بیگرز آر ناٹ چوزرز تو ہمیشہ چیونٹیوں کی طرح رینگتے رہیں گے, اپنے لوگوں کو جانتا ہوں، قوم آزادی و خودمختاری پر رتی بھر سمجھوتے کو تیار نہیں، مستقبل کے فیصلے سے عوام کو محروم رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیں، غیرفطری امپورٹڈ حکومتیں کھڑی کرنے سے نہیں بلکہ شفاف انتخاب کے ذریعے عوام کو مستقبل کے فیصلے کا حق دینے سے پاکستان آگے جائے گا.
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ انتظامیہ جلسے میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی حماقت سے گریز کرے، عوام کے سمندر کو قید کرنا ممکن نہیں، مینارِ پاکستان کا کا اجتماع ایک تاریخ رقم کرے گا۔