(حافظ شہباز)کورونا وائرس کے پھیلاو کے باعث بند ہونے والے پاکستان کرکٹ بورڈ کے دفاتر کل سے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیاگیا۔
تفصیل کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے کیسزکی وجہ سے دفاترتین روز کے لیے بند کئے گئے تھے،تین روز کے دوران بورڈ دفاتر میں سپرے اور دیگر حفاظتی اقدام کئے گئے ہیں ،ذرائع کے مطابق بورڈ کا 30 فی صد عملہ دفتر آئے گا، جبکہ سٹاف کے باقی اراکین گھرسے کام کریں گے،پچاس برس سے زائد عمر کے افراد بھی گھروں سے کام کوترجیح دیں گے۔
یاد رہے کہ پی سی بی کی جانب سے دفاتر کی بندش کا فیصلہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث کیا گیا تھا،گزشتہ ہفتے کے دوران پی سی بی کے پانچ ملازمین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ،کورونا وائرس کے سبب پی سی بی کے 70 فیصد ملازمین پہلے ہی گھروں سے کام کررہے ہیں، پچاس سال سے زائد عمر کے ملازمین بھی گھروں سے کام کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ،بدھ تک بورڈ کے تمام دفاتر بند رہیں گے، اس دوران دفاتر میں ضروری سپرے وغیرہ کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی شدت برقرار ہے،کورونا وائرس کی تیسری لہر کی شدت برقرار ہے ۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1454 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے اور 46 اموات رپورٹ ہوئی ہیں ۔ کورونا وائرس کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 1240 مریض داخل ہیں ،جن میں سے 800 کنفرم اور 440 مشتبہ مریض ہیں ۔ زیر علاج مریضوں میں سے 230 کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں وینٹیلیٹر پر زیر علاج رکھا گیا ہے ۔
کورونا کے 652 مریض ہائی ڈپنڈنسی یونٹس اور 358 مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں ۔ شہر کے ہسپتالوں میں کورونا وائرس کیلئے میسر آئی سی یو کی گنجائش 86 فیصد تک بھر چکی ہے ۔ شہر میں کورونا وائرس بدستور تیزی سے پھیل رہا ہے اور مثبت کیسز کی شرح 18 فیصد سے زیادہ ہے ۔