(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی بھوجپوری فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شیام دیہاتی کی کورونا وائرس نے جان لے لی۔
بھارت میں کورونا وبا کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہوتی جا رہی ہے، پچھلے ایک دن میں بھارتی اداکار شیام سمیت 1761 افراد چل بسے، جس کے بعد بھارت میں اس وبا سے مرنے والوں کی کل تعداد ایک لاکھ اسی ہزار پانچ سو اتیس ہو گئی۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق منگل کو جاری کردہ وزارت صحت کے اعداد و شمار میں بچھلے ایک دن میں دو لاکھ ساٹھ ہزار کے قریب نئے کورونا کیسز ریکارڈ ہوئے، دارالحکومت دہلی میں لاک ڈاؤن نافذ ہے جبکہ ملک میں جاری ویکسینیشن مہم میں تیزی لائی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ اداکار و نغمہ نگار شیام دیہاتی میں کچھ روز پہلے کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا تھا، آج انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور ان کا آکسیجن لیول انتہائی کم ہوگیا۔ اداکار کو فوری طور پر ایمبولینس میں ریاست اتر پردیش کے شہر گورکھ پور کے ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
بھارتی حکام کا کہنا تھا کہ یکم مئی سے ملک کے تمام بالغ شہریوں کو مفت ٹیکے لگائے جائیں گے، تاہم ملک کے کئی علاقوں میں ویکسین کی قلت کی شکایات ہیں، ابھی یہ واضح نہیں کہ کروڑوں کی تعداد میں مزید ٹیکے کہاں سے آئیں گے۔