(جمال الدین جمالی)کسی بھی معاشرے میں گھریلو ناچاقی کے باعث ہنستے بستے گھر برباد ہو جاتے ہیں بعض اوقات تو نوبت اس نہج تک پہنچ جاتی ہے کہ معمولی وجوہات کی بنا پر ہونے والے لڑائی جھگڑے پر قتل و غارت کے واقعات رونما ہو جاتے ہیں۔
سیشن عدالت میں گجر پورہ کی خاتون اقراءبی بی نے خاوند مزمل سے بچے واپس لینے کی درخواست دائر کر رکھی تھی،اقراءبی بی کا موقف تھا کہ خاوندمزمل نے 2 بچے چھین لئے اور گھر سے نکال دیا اور سسرال والوں نے4 ماہ کی بچی بھی چھین لی۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج سید مظفر شہزاد نے کیس پر سماعت کی ،اس موقع پرعدالت نے فریقین کے وکلاءکو سمجھوتہ کرانے کی ہدایت کی وکلاءکی کاوش سے میاں بیوی سمجھوتے پر راضی ہو گئے او ر دو گھر برباد ہونے سے بچ گئے۔ عدالت نے ناراض میاں بیوی میں صلح کرا دی،عدالت کے سامنے میاں بیوی نے پھرکبھی لڑائی نہ کرنے کا عہد کیا۔