لاہور میں 200 نئے بس سٹاپس بنانے کا فیصلہ

21 Apr, 2021 | 09:00 AM

Sughra Afzal

لوئر مال (عثمان علیم) شہر میں مزید دو سو بس سٹاپس بنانے و خستہ حال کی مرمت کا فیصلہ، محکمہ ٹرانسپورٹ نے پلان تشکیل دے دیا۔

 سٹی 42 نے مسئلہ اٹھایا تو محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی ہوش آیا، سات کروڑ 70 لاکھ کی لاگت سے خستہ حال بس سٹاپس کی مرمت کے بعد اب شہر میں 200 نئے بس سٹاپ بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا، نئے مالی سال میں 48 کروڑ 90 لاکھ کے فنڈز مختص کرنے کی سفارشات کر دی گئیں، محکمہ ٹرانسپورٹ نے سکیم کو نئے مالی سال میں شامل کرکے فنڈز مختص کرنے کی سفارشات حکومت کو بھجوا دی ہیں۔

رواں مالی سال بھی خستہ حال بس سٹاپس کی مرمت و بحالی کیلئے کابینہ کمیٹی برائے خزانہ نے سات کروڑ 70 لاکھ کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی تھی، شہر میں خستہ حال بس سٹاپس مسافروں کیلئے پریشانی کا باعث ہیں، کسی بس سٹاپ کی چھت موجود نہیں تو کسی پر بیٹھنے کی جگہ نہیں، کہیں سرے سے بس سٹاپ ہی موجود نہیں ہے۔

دوسری جانب لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے ریونیو بنانے کے نیا طریقہ ڈھونڈ لیا، کمپنی گرین ٹاؤن میں تین کنال 16 مرلے پر اپنا 8 منزلہ دفتر بنائے گی، کمپنی آفس کے علاوہ دیگر فلور کو کرائے پر دیا جائے گا اور شہریوں کی سہولت کے لیے ون ونڈو، فسلیٹیشن سنٹرز سمیت کئی سیکشنز بنائے جائیں گے۔ 

نئے مالی سال میں منصوبے پر عملدرآمد شروع کیا جائے گا، 42 کروڑ 80 لاکھ کی لاگت سے کمپنی کا اپنا دفتر بنایا جائے گا، نئے دفتر کی عمارت دو بیسمنٹ اور8 منزلہ ہوگی، آٹھ منزلہ عمارت میں دوسرے فلور پر ایل ٹی سی کا دفتر بنایا جائے گا جبکہ دیگر فلور رینٹ پر دیئے جائیں گے، الگ روٹ پرمٹ، چالان، آئی ٹی، مانیٹرنگ، پلاننگ، ایڈمن، انفورسمنٹ سیکشن، کمپلینٹ سیل کی فراہمی بھی نئے دفتر میں کی جائے گی۔

مزیدخبریں