شہریوں کو خالص دودھ کی فراہمی کیلئے فوڈ اتھارٹی ان ایکشن

21 Apr, 2020 | 09:55 PM

Arslan Sheikh

( عمران یونس ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی شیراکوٹ میں 11 ملک شاپس میں موجود 3120 لیٹر دودھ کی چیکنگ، ناقص دودھ فروخت کرنے پر 9 دکانوں میں موجود 2040 لیٹردودھ تلف کردیا گیا۔

وبائی صورتحال میں بھی غیر معیاری دودھ فروخت کرنے والے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی گرفت ،شیرا کوٹ میں مہر ملک شاپ، الحافظ، رحمت،المدینہ، رانا، اشرف گجر، مدنی، قادر اور شیر ربانی ملک شاپس کا دودھ تلف کیا گیا۔

ڈیری سیفٹی ٹیموں نے سابق ہدایات کی خلاف ورزیوں اور دودھ کی ایل آر کم ہونے پر کارروائیاں کیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق دودھ کی مقدار اور گاڑھے پن میں اضافے کیلئے کیمیکلز، پاؤڈراور پانی کی ملاوٹ سنگین جرم ہے۔

کورونا وائرس کے پیش نظر آگاہی پیغامات کے ساتھ ساتھ دکانداروں کی سکریننگ بھی کی جارہی ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ اپنے گردونواح میں ملاوٹ مافیا کی نشاندہی کرکے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں۔

دوسری جانب صوبہ بھر میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے دفاتر میں آنے والے افراد کیلئے کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد لازم قرار دے دیا گیا ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی  عرفان میمن کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے دفاتر میں آنے والے افراد کو کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عمل کرنا لازم ہوگا۔ تمام افراد کیلئے دفتر کے داخلی دروازے میں نصب جراثیم کش واک تھرو گیٹ سے گزرنا لازم ہوگا اور دفاتر میں داخل ہونے سے قبل ہاتھ دھونے، گلوز، ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال یقینی بنایا گیا ہے۔

عرفان میمن کا کہنا تھا کہ سٹاف اور وزیٹرز کی سہولت کیلئے تمام دفاتر میں جگہ جگہ ہینڈ سینیٹائزر ڈسپنسز نصب کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کا علاج صرف اور صرف احتیاط ہے لہذا اپنی اور ارد گرد کے لوگوں حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں۔

مزیدخبریں