(اکمل سومرو ) افسر بننے کی خواہش، جہانگیر احمد کےریٹائرڈ ہوتے ہی حکومتی احکامات سے قبل ڈاکٹر عاشق حسین نے ڈی پی آئی کالجز پنجاب کا عہدہ سنبھال لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عاشق حسین نے کس کے حکم پر ڈی پی آئی کالجز کا عہدہ سنبھالا، محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے اس حوالے سے لا علمی کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ روز جہانگیر احمد ڈی پی آئی کالجز کے عہدے سے اپنی مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہوگئے تھے اور گزشتہ روز ہی ڈاکٹر عاشق حسین نے ڈی پی آئی کالجز کی کرسی سنبھال لی۔
ذرائع نے بتایا ہے محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے عارضی ڈی پی آئی کالجز کا چارج دینے کے لیے تین افراد پر مشتمل سمری تیار کی ہے، سمری میں کامرس کالج کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عاشق حسین اور صاحبزادہ فیصل خورشید کے نام بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر عاشق حسین ڈی پی آئی کالجز میں ڈائیریکٹر جنرل کے عہدے پر تعینات ہیں جبکہ صاحبزادہ فیصل خورشید ڈی پی آئی کالجز کے دفتر میں ڈائیریکٹر ایڈمن کے عہدے پر تعینات ہیں۔ قانون کے مطابق ایڈیشنل ڈی پی آئی کالجز کو ڈی پی آئی کالجز کا چارج دیا جاسکتا ہے تاہم ایڈیشنل ڈی پی آئی کالجز کا عہدہ ایک سال سے خالی پڑا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اضافی چارج دینے کیلئے وزیر اعلی کی منظوری کے بعد سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نوٹیفیکیشن جاری کرتا ہے۔ دوسری جانب حکومتی منظوری کے بغیر ہی جہانگیر احمد کی ریٹائرمنٹ کے بعد ڈاکٹر عاشق حسین ڈی پی آئی کالجز کی کرسی پر براجمان ہوگئے ہیں اور ڈی پی آئی کالجز کے عملے نے ڈاکٹر عاشق حسین کو پھولوں کے ہار پہنائے۔ واضح رہے کہ قانون کے تحت ڈی پی آئی کالجز پنجاب کے عہدے پر صرف 20 ویں گریڈ کا افسر تعینات کیا جا سکتا ہے۔