لاہور میں کورونا سے مزید 2 افراد جاں بحق، تعداد 20 ہوگئی

21 Apr, 2020 | 10:04 AM

Sughra Afzal

(سٹی 42) دنیا بھر میں تباہی مچانے والےکورونا وائرس نے پاکستان میں بھی پنجے گاڑ لیے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 24 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 189 ہوگئی جبکہ 820 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 9130 تک پہنچ گئی۔ 

باغوں کے شہر لاہور  میں بھی کورونا وائرس کے حملے جاری ہیں، مہلک وائرس مزید 2 افراد کی زندگیاں نگل گیا، جس کے بعد لاہور میں وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 20 ہوگئی، میوہسپتال میں اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 14 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر  پنجاب میں کورونا کے  مریضوں کےاعدادو شمار جاری کیے جس کے مطابق پنجاب میں اس وقت کورونا کے 4195 مریض ہیں، تبلیغی جماعت کے1857  افراد، 743 زائرین،97 قیدیوں اور 1498 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،   کورونا وائرس سے اب تک پنجاب میں کل 45 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 724 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں، 14 مریضوں کی حالت تشویشنا ک ہے۔

لاہور میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 629 کنفرم مریض ہیں، روالپنڈی میں 175، جہلم میں 33، اٹک میں 11، چکوال میں 4، گجرانوالہ میں 68، سیالکوٹ میں 56، نارووال میں5، گجرات میں 155، حافظ آباد میں 11، منڈی بہاؤ الدین میں 12، ملتان میں 31، وہاڑی میں 35،  شیخوپورہ میں 18، قصور میں 10، فیصل آباد میں 50، چنیوٹ میں 8، جھنگ میں 33، رحیم یار خان میں56، سرگودھامیں 25، میانوالی میں 12، خوشاب میں4، بہاولنگر میں 8، بہاولپور میں 11، لودھراں میں 3، ڈی جی خان میں 21، پاکپتن میں 3، ٹی ٹی ایس میں 7  اور ننکانہ صاحب، لیہ، اوکاڑہ، خانیوال میں 1،1  کورونا کے کنفرم مریض ہیں۔

یاد رہے کہ 24 مارچ سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں  کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاک ڈاؤن نافذ ہے ، لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 29 واں روز ہے،  تمام  شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز،  سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، ؂پبلک ٹرانسپورٹ ،ریلوے کا پہیہ جام ہے،کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں۔

مزیدخبریں