فیروز پور روڈ (زاہد چودھری، بسام سلطان ) پاکستان میں کورونا وائرس نے مزید 22 افراد کی جان لے لی جس کے بعد ملک میں مہلک وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 189 ہو گئی ہے جبکہ مختلف شہروں میں 820 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 9130 تک پہنچ گئی، سندھ میں 230، خیبرپختونخوا میں 139، بلوچستان میں 33، گلگت بلتستان میں 18 اور اسلام آباد میں کورونا کے 10 نئے مریض سامنے آئے۔
ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 390 کیس سامنے آنے کے بعد صوبے میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 4 ہزار 195 ہوگئی، لاہور میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 629 ہوگئی، 701 زائرین سنٹرز 1540 رائیونڈ سے منسلک افراد ، 94 قیدیوں، 1386 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، کیمپ جیل لاہور کے 59 قیدیوں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، کورونا میں مبتلا 17 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ترجمان محکمہ پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ کئیرکے مطابق 22 مریض تاحال پی کے ایل آئی میں زیرعلاج ہیں، پی آئی سی کی تین مزید نرسز میں کورونا کی تصدیق ہونے پر انہیں سروسز منتقل کردیا گیا، پی کے ایل آئی میں24، میو ہسپتال میں138، گنگارام اور جنرل میں 3، سروسز ہسپتال میں 20، جناح میں 4، مزنگ ہسپتال7 اور ایکسپو فیلڈ ہسپتال میں 219افراد زیر علاج ہیں، 38 روز میں پنجاب میں کورونا سے کل 45جبکہ لاہور میں 20 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا سے 705 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں، لاہور میں کورونا کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد 209 ہو گئی، چلڈرن ہسپتال میں زیر علاج 4 بچے جبکہ پی کے ایل آئی میں بھی 4 کوروناکے مریض صحت یاب ہوگئے، پی کے ایل آئی سے ابتک 28 لوگ صحت یاب ہونے پر ڈسچارج ہو چکے۔
محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔
سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیئر پنجاب کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا ہے کہ صوبے میں روزانہ کورونا ٹیسٹ کرنے کی استعداد بڑھانے کیلئے آٹھ لیبارٹریوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے سرٹیفکیٹ کے بعد ان اپ گریڈ کی گئی لیبارٹریوں کو مکمل فعال کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 24 مارچ سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاک ڈاؤن نافذ ہے ، لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 29 واں روز ہے، تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز، سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ ،ریلوے کا پہیہ جام ہے،کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں۔