پاکستان کی سٹاک ایکسچینج  کدھر جا رہی ہے، مارکیٹ میں کیا ہونے  والا ہے، اہم معلومات سامنے آ گئیں

20 Sep, 2024 | 09:16 PM

سٹی42:  پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس  آج  ریکارڈ بلندی پر پہنچ گیا۔ شئیرز کی قیمت مین اضافہ کا یہ انڈیکس آج  دوسری مرتبہ 82 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔  شئیرز کی قیمت میں اضافہ کے مسلسل رجحان کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس آج 615 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 82074 پوائنٹس پر بند ہوا۔

دو روز پہلے ہنڈرڈ انڈیکس پہلی مرتبہ 81 ہزار کی نفسیاتی حد سے اوپر گیا تھا اور گزشتہ دو روز سے ہنڈرڈ انڈیکس  81 ہزار سے اوپر نیچے ہو رہا تھا، کل انڈیکس پہلی مرتبہ 82 ہزار کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب ہوا تھا۔  پاکستان کے مالیاتی  مسائل حل ہونے کی پیش گوئیوں نے  پاکستان کی سٹاک مارکیٹ پر حیران کن اثرات ڈالے ہیں اور انڈیکس مسلسل بڑھنے کی طرف مائل ہے۔ اس رجحان کو سٹاک مارکیٹ کی ٹرم میں bullish ٹرینڈ کہتے ہیں۔

مارکیٹ کے مبصرین کا کہنا ہے کہ  آئندہ ہفتے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے ہوجانے کی توقعات پر بازار میں خریداری کا رجحان ہے کیونکہ انویسٹرز کو یقین ہے کہ آئندہ کم از کم کئی ہفتوں اور ممکنہ طور پر مہینوں تک پاکستان کی سٹاک مارکیٹ میں قیمتیں عمومی طور پر بڑھتی رہیں گی۔  انڈیکس نے آج اپنی بلند ترین سطح کو مزید 368 پوائنٹس بڑھا کر کے 82 ہزار 372  کے ہندسہ کو ٹچ کیا۔

پی ایس ایکس میں آج 48 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جو اگست کے اوسط کاروباری حجم سے 20 فیصد کم تھے۔  آئندہ ہفتے پیر کے روز فٹ سی اپنے انڈیکس کی ری بیلنسنگ کرے گا جس کی وجہ سے مارکیٹ میں گزشتہ 3 روز سے پچاس کروڑ سے کم شیئرز کے سودے ہوئے ہیں۔ 

سٹاک ایکسچینج میں آج ہوئے کاروبار کی مالیت رواں مالی سال میں بلند ترین 30 ارب روپے رہی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن آج 57 ارب روپے بڑھ کر 10 ہزار 723 ارب روپے ہو گئی ۔

گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 1500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا تھا اور انڈیکس نے 82 ہزار کی حد عبور کی تھی جو ایک نیا ریکارڈ تھا۔ 

کل جمعرات کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے حوالے سے بلوم برگ کی بہت مثبت سٹوری شائع ہوئی تھی جس میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو سال 2024 میں دنیا کی بہترین مارکیٹ قرار دیا گیا تھا۔

مزیدخبریں