بسام سلطان : پی ٹی آئی اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان آخر کار پی ٹی آئی کے جلسہ کے لئے کاہنہ کے مقام پر اتفاق رائے ہو گیا۔
پہلے انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو کاہنہ، شاہ پور کانجراں اور سگیاں کی مویشی منڈیوں میں جلسہ کرنے کی آپشن دی تھی، اس کے بعد جلو پارک میں جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی اور نیوز چینلز نے یہی خبر نشر کر دی لیکن پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے بعد مین اس پر مزید صلاح مشورے کئے تو انہیں جلو پارک کی بجائے کاہنہ میں جلسہ کرنا زیادہ بہتر لگا۔ پی ٹی آئی کی درخواست پر لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے انہیں کاہنہ میں رنگ روڈ پر جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایس او پیز کے ساتھ جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا، لیکن مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہيں دی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کو لاہور رنگ روڈ، کاہنہ پر ہفتہ کی سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی۔
اس سے قبل ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں پولیس رپورٹس اور اسلام آباد جلسے کے بعد کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا اور پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے یا نہ دینے کے حوالے سے تجاویز پر بھی غور کیا گیا تھا۔ اس جلسہ کی اجازت دینے کے لئے لاہور ہائی کورٹ کے بنچ نے ڈپٹی کمشنر کو پابند کر رکھا تھا۔
رکاوٹین نہ ہوئیں تو جلسہ وقت پر کریں گے
آئی ایل ایف لاہور کے چیف آرگنائزر سید شاداب جعفری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو کل جلسے کی اجازت مل گئی ہے، راستوں میں رکاوٹیں نہ ہوئیں تو وقت پر جلسہ ختم کریں گے ۔
سید شاداب جعفری نے بتایا کہ ہمیں جلسے کی اجازت مل گئی ہے،کاہنہ کا مقام جلسے کے لیے فائنل کیا گیا ہے،کاہنہ کے مقام پر پی ٹی آئی کا جلسہ ہو گا۔ ہمیں دو سے شام ساڑھے پانچ بجے تک کا ٹائم دیا گیا ہے، یہ ٹائم بہت تھوڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی جلسہ ہوگا۔ ہم کاہنہ میں جلسے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ ہم انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے راستے کیں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں۔رکاوٹیں نہیں ہوں گی تو وقت پر جلسہ ختم کریں گے۔
جلسہ کے وقت کے حوالے سے لاہور کی انصاف لائرز فورم اور لیڈر آف اپوزیشن دو حصّوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔
لاہور لائرز فورم کے وکلاء جلسہ ختم کرنے کا وقت دو بجے سے ساڑھے پانچ تک رضا مند نظر آرہے ہیں ، وہیں لاہور لیڈر اف اپوزیشن پنجاب اسمبلی ملک آحمد بھچر جلسے کا وقت رات دس بجے تک دینے پر بضد ہیں ۔