راؤ دلشاد : وزیراعلی مریم نواز نے ضلعی ہسپتالوں میں ہسپتالوں میں کیتھ لیب اور طبی آلات کی فوری فراہمی حکم دے دیا، ساتھ ہی سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی پورا کرنے کا ٹارگٹ بھی مقررکردیا گیا۔
وزیراعلی مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے ہسپتالوں میں کیتھ لیبز کی فراہمی کے پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
وزیراعلی مریم نواز نے یونیورسل ہیلتھ پروگرام میں بہتری لانے کے لئے تجاویز طلب کرلیں، ساتھ ہی محکمہ صحت کارڈیالوجی، نیورو، پیڈز اور دیگر ضروری سپیشلسٹ کی ٹریننگ کا پلان طلب کرلیا ۔
اجلاس میں مریضوں کی ضروریات کے مطابق ڈاکٹرز کی سپیشلائزیشن پر فوکس کرنے کی تجویز کاجائزہ لیا گیا ۔ ضلعی ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کے لئے خصوصی پیکیج کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، ساتھ ہی دور دراز ہسپتالو ں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی ضرورت پوری کرنے پر زور دیا گیا ۔ اس کے علاوہ اضلاع میں امراض قلب میں مبتلا مریضوں کے لئے فوری درکار طبی آلات کی فراہمی کا اصولی فیصلہ کیا گیا ۔
اجلاس میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں 5مراحل میں کیتھ لیب فراہم کرنے کا جائزہ لیا گیا ، جس کے مطابق لاہور کے پی آئی سی، گنگارام، میوہسپتال، خواجہ صفدر میموریل ہسپتال سیالکوٹ اور کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ وزیر آبادمیں مشینیں فراہم کی جائیں گی ، جبکہ ساہیوال،فیصل آباد او رملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کیتھ لیب بنیں گی، بہاولپور او رراولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور ملتان نشتر ہسپتال میں کیتھ لیب بنائی جائیں گی ، اس کے علاوہ گوجرانوالہ ہسپتال اور نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کیتھ لیب قائم ہوں گی ۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی زاہد بخاری، مشیر صحت ڈاکٹر اظہر کیانی، پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی،ایم پی اے ثانیہ عاشق، ڈاکٹر عدنان خان، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری صحت، پرنسپل سیکرٹری او ردیگر حکام بھی موجود تھے۔