ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عمران خان نے مینار پاکستان پر احتجاج کی دھمکی دیدی

عمران خان نے مینار پاکستان پر احتجاج کی دھمکی دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ارشاد قریشی : بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ جلسہ کرنا ہمارا ائینی حق ہے ، لاہور میں ڈیڑھ سال سے جلسہ نہیں کرنے دیا جا رہا۔ 

بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو جلسے کو احتجاج میں بدل دیں گے، لاہور میں ڈیڑھ سال سے جلسہ نہیں کرنے دیا جا رہا، الیکشن سے پہلے بھی جلسہ نہیں کرنے دیا گیا اور اب بھی روکا جا رہا ہے ۔  جمہوریت تباہ کرنے کا مطلب آزادی ختم کرنا ہوتا ہے، جلسہ کرنا ہمارا ائینی حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ، جمہوریت اور آزادی کو بچانے کے لیے مینار پاکستان پر جلسہ ہوگا ۔ 

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے اسلام آباد کا جلسہ کرنے کی گارنٹی دی تھی ، پاکستان کا حوالہ دیا گیا جس پر ہم نے جلسہ ملتوی کیا ۔ گارنٹی کے باوجود اسلام آباد کے جلسے میں کنٹینرز لگائے گئے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں ۔ دنیا میں کیا کبھی کسی نے جلسہ ختم کرنے کا وقت دیا ہے، اسلام آباد کے جلسے سے متعلق ہمارے ساتھ دھوکہ کیا گیا ۔ 

انہوں نے کہا کہ لاہور کے ڈپٹی کمشنر نے اگر جلسے کی اجازت نہ دی تو مینار پاکستان پر احتجاج کریں گے۔ مشرف کے مارشل لاء دور میں بھی ایسا نہیں تھا جو اب کیا جارہا ہے ، مشرف کا الیکشن انکے مقابلے میں فری اینڈ فیئر تھا ، مشرف نے بھی میڈیا اور جلسوں پر پابندی نہیں لگائی ۔