پنجاب حکومت کا پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ

20 Sep, 2024 | 04:01 PM

ویب ڈیسک : ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو لاہور میں جلسے کی اجازت دیے جانے کا امکان ہے ۔ 

ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں پولیس رپورٹس اور اسلام آباد جلسے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے یا نہ دینے کے حوالے سے تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ عدالتی احکامات کے مطابق ڈی سی لاہور جلسےکی اجازت سے متعلق 5 بجے تک فیصلہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے کچھ دیر بعد جلسے کی اجازت کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا، البتہ پاکستان تحریکِ انصاف کو مینارِ پاکستان کے بجائے جلسے کے لیے کوئی اور جگہ دیے جانے کا امکان ہے۔ 

دوسری جانب مینارِ پاکستان میں بڑی تعداد میں کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں اور شہریوں کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ گریٹر اقبال پارک کے تمام گیٹ بھی بند کردیے گئے ہیں۔

اس سے قبل آج لاہور ہائی کورٹ نے بھی ڈپٹی کمشنر لاہور کو پاکستان تحریکِ انصاف کی لاہور میں جلسے کی اجازت کے لیے دائر کی گئی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزیدخبریں