سٹی 42: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی بھلائی کےمنصوبوں کی شفافیت ،عمل درآمد کی رفتار اور معیار پر سمجھوتہ نہیں کروں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں ساڑھےسات گھنٹے طویل اجلاس ہوا، جس میں تعلیم، صحت، زراعت، لائیو سٹاک روڈز سمیت دیگر شعبوں کے بارے میں اہم فیصلے کئے گئے۔
وزیراعلی پنجاب نے 77 اقدامات، 70 منصوبے، 7 پروگرامز پر پیش رفت کا جائزہ لیا،سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلی مریم نواز کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ڈبلیو پی کے 28 اجلاس منعقد ہوئے،صوبے میں عوام کی بھلائی کی 287 سکیموں پر غور ہوا ۔
وزیراعلی پنجاب کے 206 خصوصی اقدامات پر غور ہوا ، صوبے میں زراعت، موسمیات، آئی ٹی، سماجی بہبود سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کے لئے اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ترقیاتی سکیموں کے لئے 278 ارب روپے مختص کئے گئے، 83 ارب روپے جاری کئے جاچکے ہیں، جدید ٹیکنالوجی، ڈرون اور جی آئی ایس میپنگ کے ذریعے مانیٹرنگ کو متعارف کرایا جا رہا ہے جبکہ منصوبوں پر پیش رفت وقت کے واضح تعین کے ساتھ یقینی بنائی جائے گی۔
اجلاس میں منصوبوں کے موجودہ سٹیٹس اور ان کی تکمیل کی تاریخوں کا جائزہ لیا گیا ، وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے کہاکہ عوام کی بھلائی کےمنصوبوں کی شفافیت ،عمل درآمد کی رفتار اور معیار پر سمجھوتہ نہیں کروں گی۔