زاہد چودھری: میڈیکل اورڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ امتحان، ایم ڈی کیٹ کا پرچہ و دیگر امتحانی میٹریل سخت حفاظتی انتظامات میں مختلف شہروں کو روانہ،امتحانی پرچوں کو سٹیل کے سربمہر ٹرنکوں میں رکھا گیا۔
تفصیلات کےمطابق امتحانی پرچوں کو متعلقہ اضلاع کی پولیس اور اسسٹنٹ کمشنرز اپنی حفاظت میں لے کر روانہ ہوئے،یو ایچ ایس کی سینئر فیکلٹی اور دیگر عملہ بھی ہمراہ موجود تھا،امتحانی پرچے کو آج متعلقہ اضلاع کے خزانہ دفاتر کے سیف روم میں محفوظ کردیا جائے گا، ایم ڈی کیٹ کا امتحان 22 ستمبر کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ے زیر اہتمام ہوگا۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے امتحانی عملے کو روانہ کیا،امیدواروں، والدین، عملے کی سلامتی و امتحان کے پرسکون انعقاد کیلئےخصوصی دعا بھی کی گئی،مشکل سے حفاظت کیلئے بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا،محکمہ صحت کے تمام سپیشل سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹریز اور ڈپٹی سیکرٹریز ایم ڈی کیٹ کی مانیٹرنگ کرینگے، امتحان کے دوران بہتر کوآرڈینیشن کیلئے یو ایچ ایس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کئے گئے،وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور خود نگرانی کریں گے۔
امتحانی مراکز سے مسلسل رابطے کیلئے ہیلپ لائن پر افسران تعینات کئے گئے، امتحانی مراکز میں امیدواروں کیساتھ ساتھ عملہ کے بھی موبائل فون رکھنے پر سخت پابندی ہوگی،یو ایچ ایس کی امتحانی مراکز کے اردگرد 500 میٹر کے علاقے میں موبائل و انٹرنیٹ بندش کی درخواست کی گئی ہے،ہفتہ کے روز متعلقہ امتحانی مراکز پر نگران عملے کی ٹریننگ ہوگی، ایم ڈی کیٹ کا امتحان صوبے کے 12 شہروں میں قائم کردہ 26مراکز میں لیا جائے گا۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکےسینئرفیکلٹی ارکان وافسران ٹیسٹ کےانعقادکیلئے ہیڈ کورئیرز مقرر کیےگئے،میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، پرو وائس چانسلرز اورپرنسپلز ریجینل انچارج تعینات کے گئے،محکمہ سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے افسران، متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز انتظامات کی نگرانی کریں گے
امتحانی مراکز پر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ روکنے کیلئے دفعہ 144 بھی نافذہوگی،ضلعی انتظامیہ کیجانب سے تمام امتحانی مراکز پر والدین کے بیٹھنے کیلئے مناسب انتظامات کیے جائیں گے،امتحانی مراکز پر سکیورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی،امتحانی ہال میں داخلے سے قبل امیدواروں کی جامہ تلاشی بھی لی جائےگی،لاہور میں امتحانی مراکز کی صفائی ستھرائی کی ذمہ داری لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سپرد کی گئی۔
ہر امتحانی مرکز پر ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے ایمبولینس، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف صبح7بجے سے موجود ہوگا،ٹیچنگ ہسپتالوں اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتالوں کو بھی ہائی الرٹ جاری کیاگیا،سپیشل برانچ، سول ڈیفنس اور فائر بریگیڈ کا عملہ سینٹرز پر موجود رہے گا،مشتبہ امیدواروں کی تصدیق کیلئے نادرا ای سہولت کے کاؤنٹرز بھی لگائے جائیں گے۔