( سٹی42) چئیرمین پی سی بی محسن نقوی سے آئی سی سی وفد نے ملاقات کی ہے ، ملاقات میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے سکیورٹی انتظامات پر بھی بات چیت کی گئی، آئی سی سی وفد نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، آئی سی سی وفد نے کراچی اور راولپنڈی کے سکیورٹی انتظامات کو بھی تسلی بخش قرار دیا۔
محسن نقوی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے عالمی معیار کے انتظامات کی یقین دہانی کرا تے ہو ئے کہا کہ سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل کر لیا جائیگا،تمام ٹیموں کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائینگے، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد ایک اعزاز ہے،تمام ٹیمیں پرامن اور محفوظ ماحول میں کرکٹ کو انجوائے کرینگی۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتایا کہ اپ گریڈیشن کے بعد سٹیڈیمز میں بین الاقوامی معیار کی سہولتیں ہوں گی اور شائقین کرکٹ میچز سے زیادہ محظوظ ہوں گے،پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتی ہے اور تمام ٹیموں کو سپورٹ کرتے ہیں۔
وفد میں آئی سی سی کی سینئر مینجر ایونٹس سارہ ایڈگر ، ایونٹ مینجر و چیمپئنز ٹرافی ایونٹ لیڈ عون محمد زیدی، جنرل مینجر کرکٹ وسیم خان،سکیورٹی مینجر ڈیوڈ مسکر اوربراڈ کاسٹ کنسلٹنٹ منصور منج شامل تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ، ڈائریکٹر سکیورٹی کرنل ریٹائرڈ خالد محمود، ہیڈ آف مارکیٹنگ سلمان مسعود بھی اس موقع پر موجود تھے۔