ویب ڈیسک:پشاور کے آرمی پبلک سکول میں 16 دسمبر 2014 کو ہوئےحملے میں زخمی ہونے والے پاکستانی طالب علم احمد نواز کو بڑا اعزاز مل گیا، انہیں برطانیہ کے شاہ چارلس سوم نے اعزازی برٹش ایمپائر میڈل سے نوازا ہے۔
ایکس پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے احمد نواز نے کہا کہ یہ اعزاز برطانیہ کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک ہے,’یہ اعزاز میرے غیرمتزلزل عزم اور دنیا بھر میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے سلسلے میں میری برسوں پرانی خدمات کا اعتراف ہے‘۔’اس سفر کو جاری رکھنے کا میرا عزم مضبوط ہوا ہے اور میں آنے والے برسوں میں بہت سے نوجوانوں کو متاثر کرنے اور بااختیار بنانے کا کام کرتا رہوں گا۔‘
یاد رہے کہ اے پی ایس حملے میں شہید ہونے طلبہ کے علاوہ کئی طلبہ ایسے بھی تھے جو اس حملے میں زخمی ہوئے، جن میں سے شدید زخمی طلبہ کو پاک فوج اور حکومت پاکستان کے تعاون سے بیرون ملک علاج کے لیے بھیجا گیا۔
احمد نواز بھی ایسے ہی ایک طالب علم تھے جنہیں برطانیہ بھیجا گیا تھا، برمنگھم میں اپنے علاج کے بعد احمد نواز نے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا اور آکسفورڈ یونیوسٹی میں داخلہ لے کر تعلیم حاصل کی۔
احمد نواز کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ بے نظیر بھٹو کے بعد آکسفورڈ اسٹوڈنٹ یونین کے صدر بننے والے دوسرے پاکستانی ہیں۔