بھارت اور بنگلادیش کرکٹ سیریز کے دوران جھوٹا تھریٹ الرٹ جاری

20 Sep, 2024 | 08:29 AM

ویب ڈیسک: بھارتی خفیہ ایجنسی نے بھارت اور بنگلادیش کرکٹ سیریز کے دوران جھوٹا تھریٹ الرٹ جاری کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق بھارت اور بنگلادیش کرکٹ سیریز کے دوران جعلی تھریٹ الرٹ میں انٹیلی جنس ایجنسیوں اور پولیس کو القاعدہ اور داعش جیسے عالمی دہشت گرد گروپوں کے حملوں سے چوکنا رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

تجزیہ کاروں نے بھارتی ایجنسی کی جانب سے جاری الرٹ پر سوال اٹھا تے ہوئے کہا کہ کیا بھارتی خفیہ ایجنسیاں بنگلا دیش میں اپنی شرمندگی مٹانے کے لیے ایک اور فالس فلیگ آپریشن کا منصوبہ بنا رہی ہیں؟ کہیں تھریٹ الرٹ بنگلادیش طلبا تحریک کمزور کرنے کی کوششوں کا تسلسل تو نہیں؟ کہیں یہ پروپیگنڈا دائیں بازو کے انتہا پسندوں کو بنگلادیشی ٹیم پر حملہ کرنے کی ترغیب تو نہیں دے رہا؟

بھارتی میڈیا کے مطابق گووا سے تعلق رکھنے والے ہندو جاناجگروتی سمیتھی نامی رائٹ ونگ گروپ نے میچز کی منسوخی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش میں ہندوؤں پر جاری مظالم کی وجہ سے میچز نہیں ہونے چاہئیں۔

گروپ نے مطالبہ کیا کہ میچز اس وقت تک نہیں ہونے چاہئیں جب تک ہندوؤں پر مظالم بند نہ ہوں۔

واضح رہے کہ بھارت اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ جمعرات سے چنئی میں شروع ہوگیا ہے اور 12 اکتوبر تک جاری رہنے والے دورے میں 2 ٹیسٹ اور3  ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔

بھارت اور بنگلادیش کے درمیان میچز چنئی، کانپور، گوالیار، دہلی اور حیدر آباد میں شیڈولڈ ہیں جب کہ میچز کے دوران کئی مقامات پر مظاہروں کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں