سٹی42: نیب والے جب کرپشن کرنے والے سے پوچھتے ہیں کہ دولت کہاں سے کمائی تو یہ لوگ جواب نہیں دیتے لیکن باہر نکلتے ہی وکٹری کا نشان بناتے ہیں۔ ایسے بے شرم لوگ میں نے دنیا میں کہیں پر نہیں دیکھے جو کرپشن پر بھی وکٹری نشان بناتے ہیں۔ یہ باتیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نےپشاور میں مہنگائی کے خلاف دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
سراج الحق نے دھرنے کے شرکا سے کہا،آج آپ لوگوں نے ثابت کیا کہ ہم ڈرنے والےجھکنے والے نہیں ہے اپنے حق کے لئے آواز اٹھاسکتے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے عوام کو اس صوبے کو بھی بچانا ہے اور ملک کے 25 کروڑ عوام کو بھی بچانا ہے۔
انہوں نے کہا، 76 سال گزر گئے اس ملک میں ایک دن بھی قرآن کا نظام نہیں دیکھا۔ یہاں اسمبلی میں بیٹھنے والے عوام کے ووٹ سے نہیں, عالمی طاقتوں کے ذریعے اسمبلی پہنچتے ہیں۔ یہ سیاسی لوگ نہیں ہے یہ سیاسی دہشتگرد ہیں۔ ان معاشی دہشتگردوں نے ملک کو یرغمال بنایا۔
سراج الحق نے کہا کہ انڈیا میں کوئی صدر یا وزیراعظم نہیں ہے جس کی دولت باہر ممالک میں ہو۔ یہاں سیاستدان, جج, جرنیل سب کی دولت اور جائیداد باہر ممالک میں ہوتی ہے۔ یہ لوگ اپنے قوم کے لوگوں کا خون نچوڑ کر دولت باہر لے جاتے ہیں۔ رکاوٹ یہ نہیں ہے کہ ہمارا دشمن مضبوط ہے, یہاں آستین کے سانپ موجود ہیں، مسائل ان کی وجہ سے ہیں۔