ویب ڈیسک: کلمہ چوک میں کینٹینر جلانے اور مسلم لیگ نون کے آفس کو جلانے کے مقدمات میں عدالت نے پی ٹی آئی سینٹر اعجاز چوہدری کو دوبارہ3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے اعجاز چوہدری کے کیس کی سماعت کی۔
پولیس نے 2 مقدمات میں اعجاز چوہدری کو جیل سے طلبی لگوا کر عدالت میں پیش کیا۔ عدالت میں پولیس نے دو مقدمات میں ملزم کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جس پر ملزم اعجاز چوہدری کے وکلاء نے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔
پولیس نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ مقدمہ میں بغاوت، جنگ چھیڑنے اور عوام کو فسادات پر اکسانے کی دفعات شامل کر دی گئیں۔ تفتیشی افسر کی جانب سے استدعا کی گئی کہ نئے الزامات کی تحقیقات کیلئے ملزم کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
سماعت کے بعد عدالت نے فیصلہ دیتے ہوئے پی ٹی آئی سینٹر اعجاز چوہدری کو دوبارہ3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا ۔ عدالت کے مطابق ملزم اعجاز چوہدری کی طبعیت ناساز ہے، پولیس جیل میں ہی اپنی تفتیش مکمل کرے۔ تین روزہ جسمانی ریمانڈ کے دوران ملزم جیل میں ہی رہے گا۔